مسائل منگنی

 

 

کیا بغیر عذرِ شرعی منگنی کو توڑنا جائز ہے؟

س… رشتہ یا منگنی طے ہوجانے کے بعد کسی شرعی عذر کے بغیر منسوخ یا توڑ دینا شرعی طور پر جائز ہے یا نہیں؟

ج… منگنی، وعدہٴ نکاح کا نام ہے، اور

بغیر عذر کے وعدہ پورا نہ کرنا گناہ ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو منافق کی علامتوں میں شمار فرمایا۔ ہاں! اگر اس وعدے کے پورا کرنے میں کسی معقول مضرّت کے لاحق ہونے کا اندیشہ ہو تو شاید اللہ تعالیٰ موٴاخذہ نہ فرمائیں۔

منگنی توڑنا وعدہ خلافی ہے، منگنی سے نکاح نہیں ہوتا

س… ایک شخص نے اپنے رشتہ دار سے کہا کہ میں آپ کی لڑکی کا رشتہ اپنے لڑکے کے لئے چاہتا ہوں، اس پر ان صاحب نے رضامندی کا اظہار کیا اور بروز جمعہ کو منگنی کی رسم ادا کرنے کے لئے طے پایا۔ لڑکی کے والد نے لڑکے کے باپ سے مخاطب ہوکر کہا: میں نے اپنی فلاں لڑکی تمہارے بیٹے کو دی۔ اس نے کہا: میں نے یہ لڑکی اپنے فلاں بیٹے کے لئے قبول کی۔ تقریباً ایک ماہ دس دن گزرنے کے بعد لڑکی کی والدہ لڑکے کے گھر گئی اور ان سے معذرت کرنے لگی کہ میرے رشتہ دار ناراض ہوتے ہیں، لہٰذا یہ رشتہ ہم لوگ منسوخ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن لڑکے والے منسوخ کرنا نہیں چاہتے، کیا یہ رشتہ لڑکے کی مرضی کے خلاف منسوخ ہوسکتا ہے؟

ج… منگنی رشتہ لینے دینے کے وعدے کا نام ہے، مگر منگنی سے نکاح نہیں ہوتا، اس لئے منگنی توڑنا وعدہ خلافی ہے اور بغیر کسی معقول اور صحیح عذر کے وعدہ خلافی گناہ ہے، مگر چونکہ عقدِ نکاح نہیں ہوا، اس لئے لڑکے سے طلاق لینے کی ضرورت نہیں۔

نکاح سے پہلے منگیتر سے ملنا جائز نہیں

س… ایک صاحب فرما رہے تھے کہ: ”منگیتر سے ملاقات کرنا، اس سے ٹیلیفون وغیرہ پر بات کرنا اور اس کے ساتھ گھومنا پھرنا صحیح نہیں۔“ میں نے ان صاحب سے عرض کیا کہ: ”یہ تو ہمارے معاشرے میں عام ہے، اس کو تو کوئی بھی بُرا نہیں سمجھتا۔“ پھر میرے جواب کا وہ صاحب واضح جواب نہ دے سکے، جس کی وجہ سے میں اُلجھن میں پڑگیا کہ کیا واقعی یہ صحیح نہیں ہے؟

ج… نکاح سے پہلے منگیتر اجنبی ہے، لہٰذا نکاح سے پہلے منگیتر کا حکم بھی وہی ہوگا جو غیرمرد کا ہے کہ عورت کا اس کے ساتھ اختلاط جائز نہیں۔ اور آپ کا یہ کہنا کہ: ”یہ تو ہمارے معاشرے میں عام ہے، کوئی بُرا نہیں سمجھتا“ اوّل تو مُسلَّم نہیں، کیونکہ شریف معاشروں میں اس کو نہایت بُرا سمجھا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں معاشرے میں کسی چیز کا رواج ہوجانا کوئی دلیل نہیں، ایسا غلط رواج جو شریعت کے خلاف ہو، خود لائقِ اصلاح ہے۔ ہمارے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں لڑکیاں غیرلڑکوں کے ساتھ آزادانہ گھومتی پھرتی ہیں، کیا اس کو جائز کہا جائے گا․․․؟

جس عورت سے نکاح کرنا ہو، اس کو ایک نظر دیکھنے کے علاوہ تعلقات کی اجازت نہیں

س… شادی سے قبل ایک دُوسرے کو چاہنے والے لڑکی اور لڑکے کے تعلقات آپس میں کیسے ہونے چاہئیں؟ یعنی ایک دُوسرے سے میل جول یا بات چیت کرسکتے ہیں، لیکن کوئی غیراخلاقی حرکت کے مرتکب نہ ہونے پائیں۔ ایسی صورت میں ان کا ملن کیا شرعی حیثیت رکھتا ہے؟

ج… جس عورت سے نکاح کرنے کا ارادہ ہو اس کو ایک نظر دیکھ لینا جائز ہے، خواہ خود دیکھ لے یا کسی معتمد عورت کے ذریعہ اطمینان کرلے، اس سے زیادہ ”تعلقات“ کی نکاح سے قبل اجازت نہیں، نہ میل جول کی اجازت ہے نہ بات چیت کی، اور نہ خلوَت و تنہائی کی۔ نکاح سے قبل ان کا ملنا جلنا بجائے خود ”غیراخلاقی حرکت“ ہے۔

منگنی میں باقاعدہ ایجاب و قبول کرنے سے میاں بیوی بن جاتے ہیں

س… ہمارے یہاں رسم ہے کہ منگنی کی رات دعوت ہوتی ہے اور مولوی کو لڑکے والے لاتے ہیں اور مجلس میں باقاعدہ ایجاب و قبول ہوتا ہے۔ اور بعد میں کچھ مدّت گزرنے کے بعد شادی کے وقت پھر ایجاب و قبول ہوتا ہے اور رُخصتی ہوتی ہے۔ کیا پہلے ایجاب و قبول سے نکاح منعقد ہوتا ہے یا نہیں؟ اگر شادی اور منگنی کے درمیان کوئی جھگڑا ہو تو بغیر طلاق کے تفریق ہوسکتی ہے یا نہیں؟

          اگر منگنی والے ایجاب و قبول کے بعد دونوں میں سے کوئی فوت ہوگیا تو کیا ایک دُوسرے سے اپنا حقِ وراثت لے سکتے ہیں یا نہیں؟ ہمارے یہاں یہ بھی رسم اور رواج ہے کہ منگنی والے ایجاب و قبول کے بعد لڑکی کے والدین پھر دُوسری جگہ منگنی نہیں کرسکتے، لیکن یہ بات ہے کہ اگر لڑکا منگنی کے بعد اپنی منگیتر کے پاس آیا تو بہت لعن طعن کرتے ہیں۔

ج… اگر منگنی کی دعوت کے موقع پر باقاعدہ نکاح کا ایجاب و قبول کرایا جاتا ہے اور اس پر گواہ بھی مقرّر کئے جاتے ہیں تو یہ منگنی درحقیقت نکاح ہے، اور شادی کے معنی رُخصتی کے ہوں گے۔ اس لئے لڑکا اور لڑکی منگنی والے ایجاب و قبول کے بعد شرعاً میاں بیوی ہوں گے، اور ان پر میاں بیوی کے تمام اَحکام جاری ہوں گے، مثلاً: دونوں میں سے کسی کا انتقال ہوجائے تو ایک دُوسرے کے وارث ہوں گے، اور شوہر کے انتقال کی صورت میں بیوی پر ”عدّتِ وفات“ لازم ہوگی۔ اور اگر منگنی کے موقع پر نکاح کا ایجاب و قبول نہیں ہوتا، صرف والدین سے وعدہ لیا جاتا ہے تو یہ نکاح نہیں، اس پر نکاح کے اَحکام جاری نہیں ہوں گے۔

منگنی کے وقت والدین کے ایجاب و قبول کرنے سے نکاح ہوجاتا ہے

س… شادی سے پہلے منگنی کی جاتی ہے، منگنی میں دُولہا اور دُلہن کی غیرموجودگی میں نکاح پڑھ دیا جاتا ہے، رواج کے مطابق دُولہا اور دُلہن کے والدین مولوی صاحب اور گواہوں کے سامنے بیٹھ کر دُلہن کے والد صاحب اپنی بیٹی دُولہا کے والد صاحب کو اس کے بیٹے کے لئے زوجیت میں دے دیتے ہیں، اور یہ الفاظ تین بار ادا ہوتے ہیں اور دُولہا کے والد صاحب دُلہن کو اپنے بیٹے کے لئے تین بار قبول کرلیتے ہیں، کیا نکاح ہوگیا؟ اب شادی کے بعد کا نکاح لازمی ہے یا نہیں؟

ج… منگنی کے وقت ایجاب و قبول کے جو الفاظ سوال میں لکھے گئے ہیں، ان سے نکاح ہوجاتا ہے، دوبارہ نکاح اور ایجاب و قبول کی ضرورت نہیں۔

قرآن گود میں رکھ کر رشتے کا وعدہ لینے سے نکاح نہیں ہوتا، یہ صرف وعدہٴ نکاح ہے

س… ہمارے گاوٴں میں ایک شادی شدہ مرد کے لئے اس کے گھر والوں نے کسی دُوسرے شخص سے رشتہ مانگا ہے، جو اس نے انکار کردیا، پھر انہوں نے کہا کہ اگر تم رشتہ دو گے تو پہلی بیوی کو طلاق دے دیں گے، کیونکہ اس سے ناچاقی ہے، وہ نہ مانا، لڑکے والوں نے قرآن مجید لے کر اس کی گود میں رکھ دیا اور کہا کہ تم رشتہ دو تو ہم اس لڑکی کی طلاق دے دیں گے۔ اس آدمی نے قرآن پاک کی وجہ سے رشتے کی ہامی بھرلی، جس پر یہ نادم ہے، دُوسری شادی کے لئے قانونی اجازت بھی نہیں لی گئی۔ مسئلہ اس صورت میں یہ درپیش ہے کہ کیا یہ آدمی رشتہ دینے کا پابند ہے اور اس لڑکی کو طلاق ہوگئی؟ اور کیا قرآن مجید کا ایسا استعمال شریعت میں جائز ہے؟ کیا صورت ہوگی؟ کیا وہ رشتہ دینے سے انکار کرسکتا ہے؟ کیونکہ اس نے قرآن کے ڈَر کے وجہ سے ہاں کردی تھی۔

ج… صرف کسی کی گود میں قرآن رکھ دینے سے قسم نہیں ہوجاتی، بہرکیف! اگر آپ نے رشتہ دینے کی صرف ہامی بھرلی تھی تو یہ نکاح نہیں بلکہ وعدہٴ نکاح ہے، اور اگر آپ رشتہ نہیں دینا چاہتے تو اس میں صرف وعدہ خلافی ہوگی، اور اگر آپ نے قسم اُٹھاکر ہامی بھری تھی تو اب رشتہ نہ دینے کی صورت میں قسم کا کفارہ بھی آپ کو ادا کرنا ہوگا۔ قرآنِ کریم کو ایسی باتوں کے لئے استعمال کرنا بُرا ہے، یہ آدمی رشتہ دینے کا پابند نہیں، اور اس لڑکی کو طلاق نہیں ہوئی۔

لڑکا دِین دار نہ ہو تو کیا منگنی توڑ سکتے ہیں؟

س…۱: ہماری ایک بیٹی ہے، ہمارے گھرانے کو الحمدللہ دِین دار کہہ سکتے ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی بیٹی کی منگنی ایک دِین دار لڑکے کے بجائے ایک دُنیادار لڑکے سے کی ہے، میں سمجھتی ہوں کہ اگر ایک دِین دار لڑکے سے کرتے تو ان کی اولاد اِن شاء اللہ حافظِ قرآن اور باعمل عالم ہوتی، اس کے برعکس ان کے گھر میں ٹی وی، وی سی آر اور ہر طرح کی لغویات ہیں، جس کی وجہ سے ہماری بیٹی کے اعمال بھی خراب ہوں گے۔ مجھے یہ خوف دامن گیر ہے کہ اس رشتے کے ذمہ دار ہم ہیں، تو کیا آخرت میں ہماری بیٹی کے متوقع گناہوں کی ذمہ داری مجھ پر ہوگی؟ کیونکہ ایک باشرع رشتے کے موجود ہوتے ہوئے دُوسری جگہ کا انتخاب کیا جارہا ہے، کیا اس بارے میں قرآنی آیات یا احادیثِ مبارکہ ہیں؟ اگر ہیں تو اَز راہ کرم مجھ کو ضرور مطلع فرمائیں۔

س…۲: اور شرعی لحاظ سے رشتے کے سلسلے میں کیا چیزیں دیکھنا ضروری ہیں کہ جن کا خیال رکھا جائے؟

س…۳: کیا منگنی وعدے کے ضمن میں ہے؟ اگر نہیں تو کیا اس کو ختم کرسکتے ہیں؟ اور اگر میں ختم کروں تو گنہگار تو نہ ہوں گی؟

ج…۱:یہ تو ظاہر ہے کہ جب آپ اپنی بیٹی کا رشتہ ایک ایسے لڑکے سے کریں گی جو دِین سے بے بہرہ ہے تو متوقع گناہوں کا وبال آپ پر بھی پڑے گا، اور قیامت کے دن ان گناہوں کا خمیازہ آپ کو بھی بھگتنا ہوگا۔ قرآنِ کریم اور احادیث شریفہ میں یہ مضمون بہتر کثرت سے آیا ہے کہ جو شخص کسی نیکی کا ذریعہ بنے اس کو اس نیکی میں برابر کا حصہ ملے گا اور نیکی کرنے والے کے اجر میں کوئی کمی نہیں ہوگی، اور جو شخص کسی گناہ اور بُرائی کا ذریعہ بنے گا اس کو اس گناہ میں بھی برابر کا حصہ ملے گا اور گناہ کرنے والوں کے بوجھ میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

ج…۲: رشتہ تجویز کرتے ہوئے والدین خود ہی بہت سی چیزوں کو ملحوظ رکھتے ہیں، حسب و نسب، مال و متاع اور ذریعہ معاش کے علاوہ اخلاق و کردار کو بھی ملحوظ رکھا جاتا ہے، شریعت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لڑکے اور لڑکی کی دِین داری کو بطورِ خاص ملحوظ رکھا جائے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عورت سے اس کے حسب و نسب، اس کے حسن و جمال، مال و متاع اور دِین کی خاطر نکاح کیا جاتا ہے، تم دِین دار کو حاصل کرنے کی کوشش کرو۔

ج…۳: منگنی وعدہ ہے، اور اگر لڑکا دِین دار نہ ہو تو اس رشتے کو ختم کرنا جائز بلکہ ضروری ہے

#
آپکے مسائل اور انکا حل جلد 5

 

مسائل منگنی , masail e mangni , shadi , islam , rasuoomat, girl shadi , women shadi in urdu , sawl o jawab,

    Choose :
  • OR
  • To comment
No comments:
Write comments

Old Copy Sites
http://www.raahehaq313.wordpress.com
http://raahehaq313.blog.com